ڈسکہ الیکشن میں ن لیگ جیتی نہیں، پی ٹی آئی ہاری ہے: فواد چوہدری

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں میں مسلم لیگ ن نہیں جیتی بلکہ پی ٹی آئی ہاری ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہار کی وجوہات کی طرف وہ پارٹی میں توجہ دلاتے رہے ہیں۔

مریم نواز کے گزشتہ روز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا کوئی نظریہ نہیں ہے، نا ہی نون لیگ کوئی نظریاتی جماعت ہے، ایک طویل عرصہ اقتدار میں رہنے کی وجہ سے مفاداتی ٹولہ بن جاتا ہے، ان حواریوں کو نظریاتی نہیں کہا جا سکتا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کی امید عمران خان ہیں، ان کے مقابلے میں کوئی سیاسی قد کاٹھ کا لیڈر نہیں ہے، بلاول اور مریم کو پاکستان کا لیڈر تسلیم کرنا جمہوریت کے منہ پر تھپڑ رسید کرنا ہو گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو اپنی صفیں درست کرنا ہوں گی، اس ملک کا مستقبل پی ٹی آئی اور عمران خان کی کامیابی سے وابستہ ہے۔