عدالتی حکم کے برخلاف، نجی اسپتال روسی ویکسین کی من مانی قیمت وصول کرنے لگا

کراچی : نجی اسپتال روسی ویکسین لگانے کے منہ مانگے دام وصول کرنے لگے، اسپتال انتظامیہ ایڈمنسٹریٹو چارجز کے نام پر ڈھائی ہزار روپے علیحدہ وصول کررہی ہے۔

پاکستان کے معاشی حب کراچی کے نجی اسپتالوں نے کرونا ویکسین لگانے کے نام پر شہریوں کو لوٹنے لگے، نجی اسپتال کی جانب سے روسی ویکسین لگانے کے منہ مانگے دام وصول کیے جارہے ہیں۔ نجی اسپتال میں ویکسی نیشن کل سے شروع ہوگی، جس کے لیے اسپتال انتظامیہ نے بکنگ کا آغاز کردیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ روسی کوویڈ ویکسین کی سنگل ڈوز 6 ہزار 134 روپے میں لگائی جارہی ہے اور اس پر ڈھائی ہزار روپے ویکسین ایڈمنسٹریٹو چارجز علیحدہ وصول کیے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ویکسی نیشن: بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کیلئے ایمبولینس سروس

روسی ویکسین کی ڈبل ڈوز کے چارجز 12 ہزار 268 روپے لیے جارہے ہیں جبکہ ویکسینشن کروانے والوں کو ڈبل ڈوز کے ویکسین ایڈمنسٹریٹو چارجز بھی ڈبل یعنی 5 ہزار روپے دینے ہوں گے۔پالیسی کے مطابق ویکسی نیٹر کیلئے 15 فیصد چارجز ویکسین کی قیمت میں ہی شامل ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ کوویڈ ویکسین کی قیمتوں کے تعین کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، معاملہ عدالت میں ہونے کے باعث تاحال حکومت نے ویکسین کی قیمت مقرر نہیں کی ہے۔