جاپان کی پنجاب کیلئے 6ارب 20کروڑ روپے کی گرانٹ

لاہور: جاپان کی جانب سے پنجاب حکومت کے لیے 6ارب 20کروڑ روپے کی گرانٹ دی گئی ہے۔ رقم فیصل آباد میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کیلئے استعمال ہوگی۔

جاپان نے پنجاب کے عوام کا معیار زندگی بدلنے کیلئے ترقیاتی ایجنڈے پر اعتماد کا اظہار کیا۔ جاپانی سفیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو خط لکھ کر جاپان کی طرف سے گرانٹ سے آگاہ کیا۔ سردار عثمان بزدار نے گرانٹ پر جاپانی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب جاپان کے تتعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی زندگی میں بہتری کے لیے جاپان کے تعاون کو سراہتے ہیں، فیصل آباد میں نکاسی وفراہمی آب نظام میں بہتری ناگزیر ہے، پاکستان اور جاپان کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ان تعلقات میں ہر آنے والے روز بہتری آرہی ہے۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ فراہمی ونکاسی آب کی بہتری معیار زندگی کے لیے اہمیت کی حامل ہے، جاپان اور پنجاب کے مضبوط تعلقات کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔