ن لیگ اور پی پی کی واردات پکڑی گئی، دونوں نے اپنے اکاؤنٹس چھپائے ہیں، فرخ حبیب

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہےکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی واردات پکڑی گئی ہے، دونوں نے کِک بیکس اور ٹی ٹی کے لیے اپنے اکاؤنٹس استعمال کیے، جنہیں اب چھپایا جارہا ہے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ ان کےفارم ون کی رپورٹ چیلنج کررہی ہے، فارم 1 کے اکاؤنٹس پی پی اور ن لیگ نے چپھائے ہیں، کیوں فارم 1 کے اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چپھائے گئے، ان اکاؤنٹس سے متعلق اسکروٹنی کمیٹی پوچھ رہی ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ہر پارٹی آمدن کے ذرائع اور اخراجات بتانےکی پابند ہے، ن لیگ بتائے اس نے 12اکاؤنٹ ڈیکلیئرکیوں نہیں کیے، 12 اکاؤنٹ فارم ون میں کیوں ڈیکلیئر نہیں کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم صفدر سرٹیفائڈ جھوٹی ہے، مریم صفدرکہتی ہیں باہر تو کیا پاکستان میں بھی ان کی کوئی پراپرٹی نہیں، پیپلز پارٹی کے پرچی چیئرمین کی واردات بھی پکڑی گئی، پیپلز پارٹی نے7 اکاؤنٹس چپھائے ہیں ،اب ان کو پتلی گلی سے نکلنے نہیں دیں گے۔