ن لیگ اور جے یو آئی کا یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نہ ماننےکا فیصلہ

مسلم لیگ ن نے اور جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) نے سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کو قائد حزب اختلاف نہ ماننے پر اتفاق کیا ہے۔ جے یو آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) کے جنرل سیکرٹری اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے ملاقات کی۔

شاہد خاقان عباسی نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف منتخب ہونے کے بعد کی صورت حال پر مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق سینیٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی کو نا ماننے پر دونوں رہنماؤں میں اتفاق کیا گیا، اس کے علاوہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو اپنا قائد حزب اختلاف لانے اور سربراہی اجلاس بلاکر آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس موقع ہر شاہد خاقان عابسی کا کہنا تھا کہ قائد حزب اختلاف سے متعلق پی ڈی ایم کی دیگرجماعتوں سے بھی جلد مشاورت کریں گے۔ مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے لیے پیپلزپارٹی نے باپ سے حمایت مانگ کر مایوس کیا ہے۔