عمران خان ہمیں کشمیر پر لیکچر دیا کرتے تھے، احسن اقبال کی تنقید

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے پاک بھارت تجارت کی بحالی پر وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھاکہ عمران خان ہمیں کشمیر پر لیکچر دیا کرتے تھے، اب بھارت سے اناج درآمد کرنے کی سمری ہوائی رفتار سے چل رہی ہیں، کیا بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ضم کرنے کا قدم واپس لے لیا؟

انہوں نے کہا کہ ایسا وزیراعظم پاکستان کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا ہے جسے پتا ہی نہیں خارجہ پالیسی کیسے چلنی ہے، یہ حکومت اپنی ناکامی کی قیمت پاکستان سے وصول کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ حکومت چاہتی ہےچھید والی کشتی تیرتی رہے، چاہے ملک کے مفادات کاسودا کرناپڑے، یہ تین وزیر خزانہ بدل چکی ہے، دو مرتبہ منی بجٹ پیش کیا لیکن تین سال بعد بھی وہیں کھڑے ہیِں جہاں مسلم لیگ ن چھوڑ کر گئی تھی۔