’ملک کو ہر طرح کی کرپشن اور بدعنوانی سے پاک رکھیں‘

کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وطن کی سلامتی اور ترقی اس امر میں ہے کہ ملک کے مفادات کو ذاتی مفاد پر ترجیح دیں۔ یوم پاکستان کے موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں نے ایک آزاد اور خود مختار وطن کے لیے جدوجہد شرو ع کی تھی جو آج پاکستان کی صورت میں ہمارے سامنے موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت ایک ایسا فطری جذبہ ہے جو ہر انسان میں پایا جاتا ہے اور وطن سے محبت کے اس فطری جذبے کا اسلام نہ صرف احترام کرتا ہے بلکہ پرامن ماحول فراہم کرتا ہے جس میں رہ کر انسان اپنے وطن کی اچھی خدمت کرسکے۔

گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ وطن کی سلامتی اور ترقی اس امر میں ہے کہ ملک کے مفادات کو ذاتی مفاد پر ترجیح دیں، ملک کو ہر طرح کی کرپشن اور بدعنوانی سے پاک رکھیں ، معاشرے میں امن وامان پھیلانے کی کوشش کریں۔ نہوں نے مزید کہا کہ امن کو غارت کرنے والوں کو معاشرے کے لیے ناسور سمجھیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچانے میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔