پاک بھارت آبی تنازعات: پاکستانی وفد آج بھارت روانہ ہوگا

پاک بھارت آبی تنازعات پر مذاکرات کے لیے پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ آج بھارت روانہ ہوں گے۔

پاک بھارت آبی تنازعات پر دونوں ملکوں کے انڈس واٹر کمشنرز کے درمیان مذاکرات 23 اور 24 مارچ کو نئی دہلی میں ہوں گے جس میں پاکستانی وفد کی نمائندگی انڈس واٹرکمشنرمہر علی شاہ جب کہ بھارت کی نمائندگی بھارتی واٹرکمشنرپردیپ کمارسکسینا کریں گے۔

انڈس واٹر کمیشن حکام کے مطابق پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں متنازع آبی منصوبوں پر اعتراضات اٹھائےگا، پاکستان کو بھارت کے آبی منصوبوں رتلے ڈیم، پکل ڈل، چلی کانگ پاورپراجیکٹس پرتحفظات ہیں۔

حکام کے مطابق بھارت سے سیلاب اور مون سون بارشوں کا پیشگی ڈیٹا شئیرکرنے پربھی بات ہوگی جب کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت ہرسال آبی مذاکرات ضروری ہیں۔