کورونا پھیلاؤ کی پابندی کے باوجود فیصل آباد میں کبڈی میچ، صوبائی وزیر کی بھی شرکت

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پنجاب حکومت کی جانب سے عائد پابندی کے باوجود فیصل آباد میں کبڈی میچ کا انعقاد ہوا جس میں صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو نے ارکان اسمبلی کے ہمراہ مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے عائد پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کبڈی میچ کا انعقاد تاندلیانوالہ میں بننے والی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی اراضی پر جمعہ کے روز کیا گیا۔

صوبائی وزیر ثقافت خیال کاسترو بھی ارکان اسمبلی میاں وارث عزیز اور عادل پرویز گجر کے ہمراہ مہمان خصوصی کے طور پر میچ دیکھنے کے لیے پہنچے اور ڈھول کی تھاپ پر اسٹیج پر پہنچے۔ حکومتی عہدیداروں سمیت سیکڑوں کی تعداد میں اہل علاقہ اور شائقین کبڈی نے کھلاڑیوں کے داؤ پیچ دیکھے، اس دوران کورونا ایس او پیز کی شدید خلاف ورزی کی گئی۔

خیال رہے کہ کورونا کی تیسری لہر کے باعث پاکستان بھر میں عالمی وبا کے کیسز خطرناک حد تک بڑھ رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 افراد ہلاک جب کہ 3667 افراد کورونا سے متاثر ہوئے۔