وزیراعظم میں کورونا کی تشخیص، کن شخصیات کے ٹیسٹ ہوں گے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

وزیراعظم عمران خان میں کورونا کی تشخیص کے بعد وزیرا عظم ہاؤس کے تمام ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ملازمین کا کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا، پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، ملٹری سیکرٹری سمیت تمام ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیرا علیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید سمیت معاون خصوصی کورونا ٹیسٹ کرائیں گے جبکہ وزیرا عظم سے ملاقاتیں کرنے والے وزراء اور افراد بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کرائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی آئندہ ہفتے کی مصروفیات ان کی صحت دیکھ کر طے کی جائیں گی، وزیراعظم اجلاسوں کی صدارت اور دیگر میٹنگز ویڈیو لنک سے کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ وہ دو روز قبل ہی ویکسین کی پہلی ڈوز لے چکے تھے۔