وزیراعظم نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے پہلے کس کس سے ملاقاتیں کیں؟

وزیراعظم عمران خان نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے دو روز پہلے وفاقی وزراء سمیت کئی اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں کی۔ وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کی تصدیق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کی۔ وزیراعظم نے جمعرات کو ویکسین لگوائی اور پھر اسی دن اسلام آباد میں ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح بھی کیا جس میں زلفی بخاری کے علاوہ پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے حکام بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔

اس کے بعد وزیراعظم نے کویت کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی جس میں ان کے ساتھ دستاویزات کا بھی تبادلہ بھی ہوا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز سوات موٹر وے کا دورہ بھی کیا تھا اور اس موقع پر وزیر مواصلات مراد سعید اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز ہی مالاکنڈ یونیورسٹی کے نئے بلاک کا افتتاح بھی کیا تھا جب کہ وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ فخر امام بھی وزیراعظم سے ملے تھے۔