مصطفیٰ نواز اور مصدق ملک کو سینیٹ کی وائرنگ خراب کرنے پر بل بھیج رہے ہیں، فواد

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مصدق ملک پر سینیٹ میں خفیہ کیمروں کے نام پر سی سی ٹی وی کی وائرنگ خراب کرنے کا الزام عائد کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ مصطفیٰ نواز اور مصدق ملک نے سی سی ٹی وی کی وائرنگ اسپائی کیمرہ کہہ کے خراب کی۔ انہوں نے کہاکہ دونوں کو سینیٹ میں خفیہ کیمروں کے نام پر سی سی ٹی وی کی وائرنگ خراب کرنے پر حکومت 54 ہزار روپوں کا بل بھیج رہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سینیٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب سے قبل اپوزیشن رہنماؤں نے پولنگ بوتھ کے اندر سے خفیہ کیمرے اور ڈیوائس پکڑی تھی جس کے بعد اپوزیشن کی جانب سے ایوان میں شدید احتجاج بھی کیا گیا تھا۔