پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس طلب،لانگ مارچ کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائیگی

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم)کا ہنگامی اجلاس پیر کو اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال پر مشاورت کی جائےگی اور یوسف رضا گیلانی کے7 ووٹ مسترد ہونے پر قائدین کو اعتماد میں لیا جائےگا ۔

اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین کو کم ووٹ ملنے پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے تحفظات بھی دور کیے جائیں گے اور لانگ مارچ کی حکمت عملی کو بھی حتمی شکل دی جائے گی ۔ دوسری جانب چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے معاملے پر پی ڈی ایم کے تین فیصلہ سازوں نے سر جوڑلیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان، نواز شریف اور آصف زرداری میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں سینیٹ کے انتخاب میں شکست کی وجوہات تک پہنچنےکا عزم کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ رہنماؤں نے لانگ مارچ کی تیاریوں اور پی ڈی ایم کے مستقبل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔