ووٹ بیچنے کا معاملہ: وزیراعظم نے پارٹی سطح پر تحقیقات کیلیے کمیٹی بنادی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی کے پیسے لینے سے متعلق ویڈیو اسکینڈل پر پارٹی سطح پر تحقیقات کے لیے کمیٹی بنادی۔ وزیراعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی میں وفاقی وزرا فواد چوہدری، شیریں مزاری اور مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر شامل ہیں۔

تین رکنی کمیٹی ویڈیو اسکینڈل سےمتعلق امور کی تحقیقات کرے گی اور اپنی سفارشات بھی وزیراعظم کوپیش کرے گی جب کہ کمیٹی ویڈیو اسکینڈل میں آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے تجاویز بھی دے گی۔ خیال رہے کہ 2018 کے سینیٹ الیکشن میں ووٹ خریدنےکی مبینہ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے نوٹوں کے انبار لگے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے محمد علی باچا رقم پی ٹی آئی ارکان کو دیتےنظرآرہے ہیں، ویڈیو میں پی ٹی آئی کے عبید اللہ مایار اورسردار ادریس بھی موجود ہیں اور رقم وصول کرتےنظر آرہے ہیں۔