رواں سال میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کب ہوں گے؟ طلبا کیلئے بڑی خبر آگئی

محکمہ تعلیم پنجاب کا کہنا ہے کہ یکم فروری سے پرائمری سے مڈل تک کی کلاسوں کا آغاز ہوجائے گا جبکہ سیکنڈری اورہائیرسیکنڈری بورڈ کے امتحانات مئی اورجون میں ہوں گے۔ پنجاب میں یکم فروری سے اسکولز میں پرائمری سے مڈل تک کلاسز کا آغاز ہوگا، اس حوالے سے محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ مدارس اور اسپیشل ایجوکیشن ادارے بھی یکم فروری سے تعلیمی سلسلہ شروع کریں گے اور تمام ادارے 50 فیصد طلبا کو بلانے کے ایس او پیزپر عمل کریں گے۔محکمہ تعلیم پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں سیکنڈری اورہائیرسیکنڈری بورڈ کے امتحانات مئی اورجون میں ہوں گے۔

گذشتہ روز زیرتعلیم شفقت محمود نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام صوبوں کےوزرایکم فروری سےتعلیمی ادارے کھولنے پر متفق ہیں، تمام تعلیمی ادارے یکم فروری کو کھل جائیں گے، ہم نے امتحانات اورتعلیمی سال کوبھی آگے بڑھادیاہے۔یاد رہے 15 جنوری کو این سی او سی کے اجلاس میں 9 ویں سے 12ویں تک کے تعلیمی ادارے 18جنوری سے کھولنے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پہلی سے 8ویں جماعت تک اسکولز کھولنے کے فیصلے میں ایک ہفتے کی توسیع کردی تھی۔

شفقت محمود نے کہا تھا کہ یکم سے 8ویں جماعت کے تعلیمی ادارے یکم فروری سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ یونیورسٹیز اوردیگر تعلیمی ادارے بھی یکم فروری سے کھولیں گے۔