’نوازشریف نے ہزارہ برادری کی حمایت میں احتجاج کی کال کی حمایت کا اعلان کردیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارٹی قائد محمد نوازشریف نے ہزارہ برادری کی حمایت میں احتجاج کی کال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک بھر میں جماعت کی مقامی قیادت اور کارکنان کو احتجاج کی کال میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے۔مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت اور کارکنان اپنے اپنے شہروں میں ہزارہ برادری کے لیے احتجاج میں شریک ہوں اور حمایت کریں۔

ترجمان کے مطابق محمد نوازشریف، شہبازشریف اور پوری جماعت اس مشکل گھڑی اور ہزارہ برادری کے غم میں شریک ہیں، ہزارہ برادری کے شہداء کے معاملے کو پی ڈی ایم میں بھی لے جانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پارٹی قائد محمد نوازشریف نے شاہد خاقان عباسی کو مولانا فضل الرحمن اور دیگر قائدین سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔