حکومت سے ملک نہیں چل رہا، عمران خان کو گھر جانا ہوگا: شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے حکومت سے ملک نہیں چل رہا، عمران خان کو گھر جانا ہوگا، جنہوں نے ملکی ترقی کیلئے کام کیا وہ آج ملزم بن گئے، پٹرول بحران سے اربوں کا فائدہ اٹھایا گیا، ملک میں بحران موجودہ حکومت کی وجہ سے ہیں۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان کا ہر لمحہ ملک پر بھاری ہے، اپوزیشن کا کام تنقید کرنا ہے، حکومت کو آئینہ دکھانا ہے، کوئی لیڈر ملکی مسائل حل کرسکتا ہے تو وہ نواز شریف ہے، ملکی مفاد کی خاطر سب کو اکٹھا ہونا ہوگا، مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں سستی بجلی فراہم کی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا ریفرنس کرپشن کا نہیں، ایم ڈی پی ایس او کی تعیناتی کا ہے، ایم ڈی پی ایس او 3 سال عہدے پر تعینات رہے، ایک شخص نے ایمانداری کے ساتھ ملک کی خدمت کی، ایم ڈی پی ایس او کی تعیناتی پر سوال اٹھائے گئے۔