پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا لاہور میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے لاہور میں مینار پاکستان کے سائے تلے بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا۔

گوجرانوالا، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے بعد پی ڈی ایم نے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں میدان سجایا۔
مینار پاکستان کے سائے میں منعقدہ جلسے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ پنڈال کو رہنماؤں کی تصاویر اور جھنڈوں سے سجایا گیا۔ جلسے میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک رہی۔

پارلیمنٹ کے استعفے ساتھ لے کر اسلام آباد جائیں گے: فضل الرحمان کا اعلان
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ جنوری کے آخر میں یا فروری کے اوائل میں اسلام آباد کی طرف پوری قوم مارچ کرے گی، پارلیمنٹ کے استعفے ساتھ لے کر جائيں گے، ایسی پارلیمنٹ پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں، اس ناجائز حکومت کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے کھوکھلے ہوچکے ہيں، ملک نہیں چل رہا، ہم اس لیے آئےہیں کہ قوم بن کر پاکستان کا مستقبل بچائیں، پارلیمنٹ کی خود مختاری ہوگی، پارلیمنٹ کو کسی کا یرغمال نہيں ہونے ديں گے۔ سربراہ اتحاد کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کشمیر کا سودا کردیا ہے، کشمیر بھارت کو بیچ دیا ہے، آج مگرمچھ کے آنسو بہارہا ہے، عمران کشمیر کی تین حصوں میں تقسیم کا فارمولا دیتا رہا، ہم کشمیرکو کچھ نہیں دے سکے، 73 سال کشمیریوں کے خون پرسیاست کی۔

انہوں نے کہا سربراہی اجلاس میں ان نکات پر اتفاق کیا کہ پارلیمنٹ کی حکمرانی ہوگی، پارلیمنٹ کو یرغمال نہیں ہونے دیا جائے گا، آزادانہ الیکشن کیلئے اصلاحات اور عوام کے جمہوری حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا، آزادی رائے اور میڈیا کا تحفظ، دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔