وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اعجاز شیرازی کورونا کے باعث انتقال کر گئے

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مشیر اور سابق صوبائی وزیر اعجاز شاہ شیرازی کورونا کے باعث انتقال کر گئے۔

اعجاز شاہ شیرازی کورونا کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے تاہم وہ آج خالق حقیقی سے جا ملے۔ مشیر وزیراعلیٰ سندھ کے اہلخانہ نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعجاز شاہ شیرازی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اعجاز شاہ شیرازی ہر دلعزیز شخصیت اور معتدل مزاج کے مالک تھے جبکہ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اعجاز شاہ ایک بہترین انسان تھے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور، صوبائی وزراء اسماعیل راہو، اویس شاہ اور منظور وسان نے اعجاز شاہ شیرازی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی وزراء کا کہنا ہے کہ اعجاز شاہ شیرازی کے انتقال پر سوگوار خاندان کے ساتھ دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے معاون خصوصی راشد ربانی بھی کورونا کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔