گلگت بلتستان الیکشن: پولنگ آج ہوگی

گلگت بلتستان میں انتخابی دنگل آج اتوار کو سجے گا، تئیس نشستوں پر تین سو بیس امیدواروں کے درمیان کانٹا دار مقابلہ ہوگا، انتخابات میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سمیت کئی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں تاہم پی ٹی آئی، (ن) لیگ اور پی پی میں کاٹنے کا مقابلہ متوقع ہے.

مذکورہ انتخابات میں گلگت بلتستان کے سات لاکھ پنتالیس ہزار تین سو اکسٹھ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ گلگت بلتستان کے10 اضلاع میں پر ایک ہزار 161پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 418پولنگ اسٹیشنز کوانتہائی حساس جب کہ 311کو حساس قراردیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے الیکشن کی سیکیورٹی کے لیے 13 ہزار 481 اہلکار تعینات ہیں، جن میں پولیس، رینجرز اور جی بی اسکاؤٹس شامل ہیں۔

دیگر صوبوں سے 5 ہزار 700 اضافی پولیس نفری بھی الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کی گئی ہے جبکہ سینٹرل پولیس آفس گلگت میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی 24 جنرل نشستوں پر انتخابات جو اس سے قبل 18 اگست کو ہونے تھے تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردیے گئے تھے۔