’بھارت نے نومبر میں پاکستان کے بڑے شہروں میں دہشتگردی کا منصوبہ بنایاہے‘

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ بھار ت کی جانب سے نومبر میں پاکستان کے بڑے شہروں میں دہشتگرد کارروائیوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے تحت کراچی، لاہور اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں کارروائیاں ہوسکتی ہیں۔

دفتر خارجہ میں ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت سیز فائرکی مسلسل خلاف ورزیاں کررہا ہے، بھارت کے اصل چہرے کو قوم اوربین الاقوامی برادری کے سامنے بے نقاب کرنا چاہتے ہیں، ہمارے پاس شواہد ہیں کہ بھارت ریاستی دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا منصوبہ تیارکیا ہے، ہمارے پاس بھارت کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، بھارت کےخلاف شواہد بین الاقوامی برادری کے سامنے ڈوزیئرکی شکل میں پیش کررہا ہوں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کوپھر ہوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے، اس لیے مزید خاموشی پاکستان اور خطے کے مفاد میں نہیں ہو گی۔ شاہ محمود نے مزید کہا کہ پشاور اورکوئٹہ میں حالیہ دہشتگرد حملے بھارتی عزائم کو واضح کرتے ہیں، بھار ت کی جانب سے نومبر میں پاکستان کےبڑے شہروں میں دہشتگرد کارروائیوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے تحت کراچی، لاہور، پشاور سمیت مختلف شہروں میں کارروائیاں ہوسکتی ہیں، ہمارے پاس اس کے ناقابل تردید شواہد ہیں، بھارتی خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں دہشتگردوں کو مالی معاونت اور تربیت دے رہی ہیں، بھارتی ایجنسیاں کالعدم ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور دیگرکالعدم تنظیموں کی پشت پناہی کررہی ہیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے اور سی پیک کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، بھارت کی جانب سےکالعدم تنظیموں کو اسلحہ اور رقم فراہم کی جارہی ہے، بھارت چاہتا ہے کہ یہاں افراتفری پھیلائی جائے، بھارت دہشتگردوں میں 22 ارب روپے تقسیم کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات ہیں کہ بھارت میں وزیراعظم کی سربراہی میں سی پیک مخالف سیل بنایا گیا ہے، اس سیل کو اطلاعات کےمطابق 80 ارب روپے دیے جاچکے ہیں جب کہ 700 افراد کی ملیشیا بنائی گئی ہے جس کا ہدف سی پیک منصوبوں کونشانہ بنانا ہے لیکن ہندوستان کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان تیار ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان میں شورش برپاکرنا چاہتاہے، اطلاعات ہیں کہ وہاں قوم پرستی کو ہو ادینےکی کوشش کی، بھارت نے الیکشن سے پہلے بھی یہ کوشش کی اور الیکشن کے بعد بھی وہ ایسا ہی ارادہ رکھتا ہے، اگست 2020 میں بھارت نے ٹی ٹی پی اور دیگر کالعدم تنظیموں کو اکٹھا کرنے کی کوششیں کی، اطلاعات ہیں کہ یہ دہشتگرد پاکستان میں اپنی کارروائیوں میں اضافہ کرنے کی کوششیں کریں گے۔