ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف پاکستان پہنچ گئے۔

نور خان ایئر بیس پر ایڈیشنل سیکریٹری اے آئی ٹی صفدر حیات،ایرانی سفیر سید محمد حسینی،ایرانی سفارت خانے اور وزارت خارجہ حکام نے ایرانی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں جب کہ ایران کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد ابراہیم طاہریان بھی جواد ظریف کے ہمراہ وفد میں شامل ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ کے ہمراہ اعلی سطح کا سیاسی و اقتصادی وفد بھی اسلام آباد پہنچا ہے۔ایران کے وزیر خارجہ دورہ پاکستان میں کل سے اپنی باقائدہ ملاقاتوں کا آغاز کریں گے۔

جواد ظریف کل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے۔ ڈاکٹر جواد ظریف کل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے وفود کی سطح پر مذاکرات کرینگے۔