کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں دھماکے سے 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی: گلشن اقبال میں واقع ایک رہائشی عمارت میں دھماکے کے نتیجے میں دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب دھماکا ہوا ہے، دھماکا 4 منزلہ رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر ہوا۔ دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس سے ناصرف عمارت کی 2 منزلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں بلکہ پارکنگ میں کھڑی گاڑیاں بھی ملبے تلے دب گئیں۔

دھماکے کے 18 زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا ہے جن میں سے 3 دم توڑ گئے ہیں جب کہ 7 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ ریسکیو رضاکار مزید زخمیوں کی موجودگی کے پیش نظر ملبے کو ہٹانے کا کام کررہے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے 2 کی شناخت ہوگئی ہے، وہ عمارت کے نیچے واقع نجی بینک کے سیکیورٹی گارڈز تھے۔
واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے۔ ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ علاقے کو مکمل طور پر سیل کرکے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پولیس اپنا کام کر رہی ہے، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے، تحقیقات کے بعد ہی صحیح بات بتائی جا سکتی ہے.

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کیماڑی میں گزشتہ روز بھی دھاکا ہواتھا جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔