افغان آرمی کے دو جنگی ہیلی کاپٹرز دوران پرواز ٹکرا کر تباہ، 9 اہلکار ہلاک

کابل: افغانستان میں زخمی اہلکاروں کو اسپتال لے جانے والے دو ہیلی کاپٹرز ایک دوسرے سے ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 9 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ہلمند میں دو جنگی ہیلی کاپٹرز ایک سرچ آپریشن میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردہے تھے کہ تکنیکل خرابی کے باعث ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔

ہیلی کاپٹرز تصادم میں 9 افراد ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں افغان فوج کے زخمی اہلکار اور ہیلی کاپٹرز کا عملہ بھی شامل ہے۔ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
یہ ہیلی کاپٹرز ہلمند کے ضلع ناوا میں طالبان جنگجوؤں کے خلاف ایک فوجی آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیم کے اہلکار کو دشوار گزار علاقے میں چھوڑنے اور واپس لانے کے لیے استعمال ہورہا تھا۔

دوسری جانب صوبے بغلان میں طالبان جنگجوؤں نے فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 16 اہلکار ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے جب کہ حملے کے بعد طالبان افغان فوج کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔