بھارت اور بنگلہ دیش میں سیلاب سے تباہ کاریاں
بھارت اور بنگلہ دیش میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 90 سے بڑھ گئی۔
اطلاعات کے مطابق بھارت اور بنگلہ دیش میں مون سون بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے تباہی مچا دی، اب تک 90 سے زائد افراد مر چکے ہیں، جبکہ لاکھوں بے گھر ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق آنے والے دنوں میں سیلاب سے صورتحال مزید خراب ہو گی۔
بنگلہ دیشی سرکاری ذرائع کے مطابق 2004 کے بعد یہ اب تک کا بدترین سیلاب ہے۔
بارش سے متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ سیلاب سے تمام گاوٰں ڈوب گئے ہیں، جس کی بنا پر لوگ شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔
دوسری جانب بھارت کی ریاست آسام بھی شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہے، جس کے نتیجے میں قریب 18 لاکھ لوگ مشکلات کا شکار ہیں، اور اب تک 6 افراد بھی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ اپریل سے اب تک بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 62 لوگ مر چکے ہیں۔ دوسری طرف ریاست بہار میں آسمانی بجلی گرنے سے 17 افراد جان سے گئے۔
میڈیا اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر بھارت اور بنگلہ دیش میں بارشوں اور سیلاب سے 40 لاکھ افراد متاثرہ ہیں، جبکہ آنے والے دنوں میں صورتحال خراب سے خراب تر ہونے کا خدشہ ہے۔