ہر خواہش پوری کرنے والی بلی، صرف 2 کروڑ روپے میں!

ماسکو: ایلینا نام کی ایک روسی خاتون نے چند روز پہلے اپنی پالتو بلی آن لائن فروخت کےلیے پیش کی ہے جس کے بارے میں ان کا دعوی ہے کہ یہ آپ کی ہر خواہش پوری کرے گی، لیکن اس کی قیمت ایک کروڑ روبل (دو کروڑ پاکستانی روپے) ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق، یہ خاتون روسی سائبیریا کے شہر نووو سائبرسک کی رہنے والی ہیں جنہوں نے گزشتہ ہفتے روسی کلاسیفائیڈ پلیٹ فارم ’’آویتو‘‘ پر یہ بلی فروخت کرنے کا اشتہار دیا ہے۔
اشتہار میں انہوں نے لکھا ہے کہ اس بلی کے سامنے جس خواہش کا بھی اظہار کیا جائے، وہ ضرور پوری ہوتی ہے اور اس بات کو وہ تین مرتبہ آزما چکی ہیں۔
البتہ، انہوں نے اشتہار میں یہ بھی لکھا کہ وہ اس بلی کو ایک کروڑ روبل (یعنی 2 کروڑ پاکستانی روپے جتنی رقم) میں بیچنے کےلیے تیار ہیں کیونکہ یہ اسی کی خواہش پوری کرتی ہے جو اس کا مالک یا مالکن ہو۔
بلیوں کی یہ نسل اسکاٹ لینڈ میں پائی جاتی ہے اور ’’اسکاٹس فولڈ‘‘ کہلاتی ہے۔ اس بلی کا نام انہوں نے ’’ونسنٹ ون‘‘ یا مختصراً ’’وِنسک‘‘ رکھا ہوا ہے۔
ایک مقامی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے ایلینا نے بتایا کہ ’’ونسک‘‘ میں خواہش پوری کرنے کی صلاحیت انہوں نے اتفاقیہ طور پر دریافت کی تھی، جسے وہ اب تک تین مرتبہ کامیابی سے آزما چکی ہیں۔
آخری خبریں آنے تک یہ بلی ’’برائے فروخت‘‘ ہی تھی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں اسے کوئی خریدار ملتا ہے یا نہیں۔