سعودی عرب کا91ویں قومی دن، وزیراعظم کی سعودی فرمانروا، ولی عہد اورعوام کو مبارکباد

اسلام آباد (حسنات بلوچ)وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے91ویں قومی دن کے موقع پر سعودی فرمانروا،ولی عہد اورعوام کو مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سعودی عرب کے91ویں قومی دن کےموقع پراپنے پیغام میں کہا کہ میں اپنی حکومت اورعوامِ پاکستان کیجانب سے خادم الحرمین الشریفین عزت مآب جناب شاہ سلمان بن عبدالعزیز،ولی عہدعالی جناب محمدبن سلمان اورسعودی عرب کی عوام کومبارکباد پیش کرتاہوں، ہماری دعا ہے کہ دوراندیش قیادت کے زیرِسایہ ترقی کا یہ سفر پیہم جاری رہے۔
سعودی عرب کا قومی دن آج قومی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے ، مملکت کے قومی دن پرمختلف علاقوں میں سرکاری اور نجی سطح پر رنگا رنگ تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں کئی شہروں میں انٹرایکٹو شوز اور عوامی تقریبات کا انعقاد شامل ہے۔
تمام سعودی شہری اور مقیم غیرملکی یوم وطنی کے موقع پر کورونا وائرس سے حفاظتی تدابیر کی بھرپور پابندی کریں اور جلد از جلد مکمل ویکسینیشن کرائیں۔