کینیڈا میں جسٹن ٹروڈو کے تیسری بار وزیراعظم بننے کے واضح امکانات

کینیڈا کے پارلیمانی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے تاہم میڈیا کا دعویٰ ہے کہ حکمران جماعت اور وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی کامیاب ہوگئی ہے۔ حکمران جماعت لبرل کے امیدوار 157 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں لیکن حکومت قائم کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں 170 نشستوں کے ساتھ اکثریت ضروری ہے۔

حکمران جماعت لبرل حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے تاہم فی الحال یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ لبرلز اکثریتی حکومت بنا سکیں گے یا پھر انہیں اتحادی حکومت بنانا پڑے گی۔ بعض علاقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے تاہم عالمی وبا کورونا کی وجہ سے ڈاک سے بھیجے گئے ووٹوں کے باعث نتائج میں تاخیر کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پارلیمانی انتخابات میں مکمل نتائج جمعرات تک متوقع ہیں۔ خیال رہے کہ کینیڈا کے پارلیمانی انتخابات میں پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی شخصیات بھی انتہائی فعال رہیں۔عام انتخابات میں لبرلز، کنزرویٹو، این ڈی پی، گرینز اور پیپلز پارٹی آف کینیڈا کے 20 پاکستانی امیدواروں نے حصہ لیا ہے۔