باکسرعامرخان کو طیارے سے اتاردیا گیا

برطانوی پاکستانی باکسر عامر خان کو امریکی ایئرلائن کی پرواز سے اتار دیا گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق واقعہ ماسک کے معاملے پر پیش آیا۔ باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھی کا ماسک شاید زیادہ اوپر نہیں تھا، تاہم انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ پولیس نے انھیں ان کے ساتھی سمیت امریکن ایئرلائن کے طیارے سے نیچے اتار دیا۔

عامر خان کا اپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ ایئرلائن کے پاس کیمرے کی ویڈیو ہوگی کہ انہوں نے کچھ نہیں کیا۔

جب کہ 34 برس کے عامر خان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکن ایئرلائن نے ان پر پابندی لگا دی ہے۔ عامر خان نے واقعے کو انتہائی ناگوار قرار دیا اور کہا کہ وہ دوسری پرواز سے ٹریننگ کیمپ جارہے ہیں۔

دوسری جانب ایئرلائن کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو ماسک سے چہرہ مناسب طور پر نہ ڈھانپنے پر پرواز سے اتارا۔

ایئر لائن کا کہنا ہے کہ نیویارک سے ڈیلاس جانے والی پرواز اس وقت گیٹ پر واپس لوٹ آئی جب 2 افراد کی جانب سے طیارے کے عملے کی درخواست پر عمل کرنے سے انکار کیا گیا۔

تاہم ایئرلائن نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ اس واقعے میں پولیس کو بھی مداخلت کرنا پڑی۔

ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ہماری کسٹمر ریلیشن ٹیم مسٹر خان سے رابطہ کر رہی ہے تاکہ ان کے تجربے کے بارے میں مزید جان سکیں اور ہمارے صارفین اور عملے کی حفاظت کے لیے نافذ کردہ پالیسیوں کی اہمیت کو مزید تقویت ملے۔

لائٹ والٹر ویٹ کے سابق عالمی چیمپئین عامر خان کہتے ہیں کہ پولیس نے انھیں آج طیارے سے اس وقت اتار دیا جب وہ کولوراڈو سپرنگز کے تربیتی کیمپ جا رہے تھے۔