اسلام آباد(حسنات بلوچ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی برادری افغانستان کی معاشی وانسانی بنیادوں پر معاونت کے لیے آگے بڑھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو کینیڈین ہم منصب مارک گارنیو نے ٹیلی فون کیا اور دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کینڈین وزیرخارجہ کو اپنے حالیہ 4 ملکی دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ وزیر خارجہ نے افغانستان میں اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن خطے کے امن و استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے اس لیے عالمی برادری افغانستان کی معاشی وانسانی بنیادوں پر معاونت کے لیے آگے بڑھے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے کینیڈین وزیر خارجہ کے ساتھ، ہملٹن کینیڈا میں، پاکستانی کینیڈین شہری کی ہلاکت اور اس کے 63 سالہ والد فقیر علی کے اغوا کا معاملہ بھی اٹھایا۔