اماراتی گولڈن ویزا کے حوالے سے نئی سہولت

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے گولڈن ویزے کی اہلیت رکھنے والے امیدوار وفاقی اتھارٹی برائے شناخت وشہریت(آئی سی اے) کی ایپ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔

اماراتی گولڈن ویزا کے لیے اب ‘آئی سی اے’ ایپلکیشن کی مدد سے اپلائی کیا جاسکتا ہے۔ وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت نے اپنے اسمارٹ ایپ میں مذکورہ سہولت فراہم کی ہے۔ اہل افراد پلیٹ فارم کی اس سروس سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات آئی سی اے کی اسمارٹ ایپلکیشن کے ذریعے گولڈن رہائشی ویزا کی سروس متعارف کرائی گئی ہے، امیدواروں کو ضروری دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔

درخواست دہندگان کو اس سہولت کے لیے 50 درہم دینے ہوں گے۔ ضروری دستاویزات جمع کرانے کے بعد حکام کی جانب سے صارف کو ایک پیغام اور ای میل موصول ہوجائے گا۔ وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت نے خبردار کیا کہ درخواست دائر کرنے کے دوران ضروری دستاویزات ارسال نہیں کی گئیں تو درخواست مسترد ہوجائے گی۔