لبنان میں آئل ٹینکر میں دھماکے سے 20 افراد ہلاک
شمالی لبنان میں آئل ٹینکر میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہو گئے۔ آئل ٹینکر میں دھماکا شمالی لبنان کے علاقے اکڑ میں ہوا جس میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئل ٹینکر میں دھماکے کی وجہ فی الحال واضح نہیں ہو سکی ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دھماکے سے متعلق ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے تاہم اس حوالے سے حکام کی جانب سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آسکی ہے کہ آیا یہ اسی دھماکے کی ہے یا کسی اور واقعے کی ہے۔