جنوبی سوڈان میں طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتوں کا خدشہ

جنوبی سوڈان میں مال بردار طیارہ جس میں 8 افراد سوار تھے ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا اور جہاز میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی سوڈان کے دارالحکومت سے جنوبی ریاست بحرالغزل کی جانب اُڑان بھرنے والے مال بردار قومی طیارے کا کچھ ہی دیر بعد کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

طیارہ ایئر پورٹ سے کچھ ہی دوری پر ایک میدانی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا جس سے جہاز میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی اور طیارہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔ طیارے میں 8 افراد سوار تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارے میں سے ایک زخمی شخص کو نازک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ طیارے کے ملبے کے اطراف 6 لاشیں پڑی ہیں تاہم حکومت کی جانب سے تاحال حادثے میں جانی نقصان کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔