پی او سی گلوبل سعودی عرب کی جانب سے افطار پارٹی کا اہتمام.

ریاض: (ملک ندیم شیر) پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل ریاض ریجن کے صدر امتیاز احمد کی جانب سے افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ، نوید افضال اور ابو بکر ملک سمیت مہمان اسپیکر مکتبئہ دارالسلام کے بانی مولانا عبدالمالک مجاہد اور مختلف جماعتوں کے نمائندوں کی مخصوص شخصیات نے شرکت کی۔

افطار پارٹی کی صدارت چیئرمین پی او سی گلوبل سعودی عرب چوہدری اظہر وڑائچ جبکہ میزبانی پی او سی گلوبل ریاض ریجن کے صدر امتیاز احمد نے کی۔

افطار پارٹی سے رمضان المبارک کی فضلیت اور اہمیت بیان کرتے ہوئے مہمان اسپیکر مکتبئہ دارلسلام کے بانی مولانا عبدالمالک مجاہد کا کہنا تھا کہ روزہ تقوی ، برداشت اور عاجزی کا نام ہے اور اس رمضان المبارک کی قیمتی سعادتوں میں ہمیں اللہ کے حضور عبادت کرتے ہوئے اسکی رحمتیں سمیٹنی چاہئیں اور کوشش کرنی چاہیئے کہ ہم زیادہ سے زیادہ صدقہ اور خیرات کریں چاہے ایک کھجور کیوں نا کریں اور اپنے اردگرد ضرورت مند ، بیوہ ، مساکین اور لاچار لوگوں کی مدد کریں، اس سے یقیناْ اللہ راضی ہوگا اور اسکی رحمتیں اور برکتیں ہم پر نازل ہونگیں۔

افطار پارٹی سے سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نوید افضال کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں آنے کے بعد تھوڑے وقت میں ہی کمیونٹی سے بہت پیار اور خلوص دیکھنے کو ملا جس کے لیے میں بہت ممنون ہوں ۔ میری ان شاءاللہ کوشش ہوگی کہ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مل کر تارکین وطن کو درپیش مسائل اور انکے ممکنہ حل کے لئے بھرپور تعاون جاری رکھوں اور اس کے لیے سفارتخانہ پاکستان
کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔

افطار پارٹی سے چیئرمین پاکستان اووسیز کمیونٹی گلوبل سعودی عرب چوہدری اظہر وڑائچ اور صدر ریاض ریجن امتیاز احمد نے سبکدوش ہونے والے سفیر راجہ علی اعجاز کو انکی کمیونٹی خصوصاً کورونا وباء کے دوران کی جانے والی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور نئے تعینات ہونے والے سفیر جنرل (ر) بلال اکبر کو خوش آمدید کہتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں امید ہے کہ کمیونٹی کے مسائل سمیت پاک سعودی تعلقات کی مضبوطی کے لیے وہ بھرپور کردار ادا کریں گے۔

افطار پارٹی میں دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستانیوں کے مسائل کے حوالے سے بھرپور تعاون کرنے پر کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نوید افضال اور ابوبکر ملک کا شکریہ ادا کیا۔ اور کہا کہ کمیونٹی اور سفارتخانہ پاکستان ان شاءاللہ اسی طرح مل کر لوگوں کے مسائل اور انکے حل کےلیے ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھے گے۔افطار پارٹی کے اختتام پر ملکی سلامتی ، ترقی اور کورونا وباء سے نجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئ۔