بھارت میں کنبھ میلے کے اثرات، کرونا کیسز کی یومیہ تعداد 2 لاکھ تک پہنچ گئی

نئی دہلی: بھارت میں دھوم دھام سے کنبھ کا میلا منانا رنگ لانے لگا، ملک بھر میں کرونا وائرس کے روزانہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے بڑھ کر 2 لاکھ تک پہنچ گئی۔

چند روز قبل ہونے والے کنبھ کے میلے میں 14 لاکھ سے زائد افراد نے مذہبی رسومات ادا کیں جس کے بعد بھارت میں سامنے آنے والے کرونا وائرس کیسز کی روزانہ تعداد 1 سے 2 لاکھ پر پہنچ گئی۔

ریاست اتر کھنڈ کے علاقے ہردوار میں جاری کنبھ میلے میں 30 سادھوؤں سمیت 2 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 1 ہزار 185 کووڈ 19 مریض دم توڑ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا کرونا وائرس کی نئی قسم پی سی آر ٹیسٹ کو دھوکا دینے کی صلاحیت رکھتی ہے؟

بھارت میں کرونا متاثرین کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 42 لاکھ 91 ہزار 917 ہوچکی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 15 لاکھ 69 ہزار 716 ہے۔

ملک میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ 74 ہزار 335 ہوچکی ہے جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 25 لاکھ 47 ہزار 866 ہے۔

بھارت میں کرونا ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے اور متعدد ریاستوں میں ویکسین کی کمی کی شکایات بھی ملی ہیں جس کے بعد بھارت نے کرونا وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے ویکسین کی برآمد روک دی ہے۔