سعودی ثقافت کا فروغ، خطاطی کا فن رکھنے والوں کیلئے احسن اقدام

ریاض: سعودی عرب میں ثقافت کو مزید اجاگر کرنے کے لیے حکومت نے خصوصی سروے کا آغاز کیا اور خطاطوں کو دعوت دی ہے کہ وہ اس سلسلے کا حصہ بنیں۔

سعودی وزارت ثقافت نے عربی کے خطاطوں کو دعوت دی ہے کہ وہ مملکت میں اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی کوششوں سے متعلق سروے کا حصہ بنیں اور اپنی رائے پیش کریں۔

وزارت ثقافت کا کہنا ہے کہ سعودی خطاط جاری شدہ سوالنامے(سروے) میں شامل ہوکر اپنی آرا سے آگاہ کریں۔ خیال رہے کہ مملکت میں ‘ثفاقتی تبادلوں’ کے عنوان سے ایک سروے متعارف کرایا گیا ہے۔

سروے آن لائن اس لنک ’https://surveys.moc.gov.sa/CE‘ کے ذریعے جاری کیا گیا۔ یہ اقدام عربی خطاطی کے آرٹ ریذیڈنسی پروگرام کا حصہ ہے جو ’عربی خطاطی کا سال 2020-2021‘ کے ضمن میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

سعودی حکومت مقامی فنکاروں کو ثقافتی تجربات کے تبادلوں کے ذریعے مزید فائدہ پہنچانا چاہتی ہے۔ جبکہ مستقبل میں خطاطوں کو عالمی کورسز میں داخلے کے لیے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔ ان اقدامات کا مقصد عظیم سعودی ثقافتی شناخت کو دنیا بھر میں فروغ دینا ہے۔