چینی ای کامرس کمپنی علی بابا پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جرمانہ

چینی ریگولیٹرز نے آن لائن ای کامرس کمپنی علی بابا گروپ پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جرمانہ عائد کردیا۔

چینی ریگولیٹرز نے علی بابا گروپ پر18 ارب یوآن (2.75 ارب امریکی ڈالرز)کا جرمانہ عائد کیا ہے جو اس کی مارکیٹ پوزیشن کا غلط فائدہ اٹھانے اور بزنس رولز کی خلاف ورزی پر عائد کیا گیا ہے۔ علی بابا پر عائد جرمانہ چین کی تاریخ میں اب تک کسی بھی کمپنی پر لگنے والا سب سے زیادہ جرمانہ ہے۔

علی بابا پر عائد جرمانہ 2019 میں اس کی آمدن کا تقریباً 4 فیصد بنتا ہے جو چین کی تاریخ میں اپنے ہی ملک کی کمپنی کے خلاف کیا جانے والا سخت ترین کریک ڈاؤن ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

علی بابا کے بانی جیک ما نے گزشتہ سال چین کے ریگولیٹری نظام پر سخت تنقید کی تھی جس کے بعد سے علی بابا کے کاروبار سے متعلق سخت اسکروٹنی کی جارہی ہے۔

چینی ریگولیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ گزشتہ سال دسمبر سے شروع کی جانے والی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہےکہ علی بابا 2015 سے مارکیٹ کی ساکھ کی خلاف ورزی کررہا ہے۔

اس حوالے سے علی بابا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ وہ ریگولیٹرز کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں اور اس پر مکمل عملدرآمد کریں گے۔