نیوزی لینڈ نے ہندوستان سے انے والوں کو داخلے پر پابندی لگا دی

ولنگٹن: نیوزی لینڈ نے بھارت سے آنے والے افراد کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث نیوزی لینڈ نے بذریعہ بھارت نیوزی لینڈ آنے والے اور بھارتی شہریوں کے ملک میں داخلے پر عارضی پابندی عائد کی گئی ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بھارت سے آنے والوں پر پابندی 11 اپریل سے 28 اپریل تک عائد رہے گی۔ نیوزی لینڈ نے یہ پابندی ملکی سرحد پر کورونا کے 23 کیسز مثبت آنے کے بعد لگائی جن میں سے 17 بھارت سے آنے والے افراد تھے۔
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جسینڈا آرڈرن نے آکلینڈ میں میڈیا سے گفتگو میں پابندی عائد کیے جانے کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ امریکہ اور برازیل کے بعد کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بھارت ہے جہاں اب تک ایک کروڑ 29 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔