داعش نے موزمبیق کے شہر پر قبضہ کرلیا

پالما: موزمبیق کے شہر پالما پر انتہا پسند دہشت گرد تنظیم داعش نے قبضہ کرلیا ہے۔ یہ دعویٰ دہشت گرد تنظیم کی جانب سے کیا گیا ہے۔دہشت گرد تنظیم داعش نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے پالما شہر کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ دہشت گرد تنظیم داعش نے گزشتہ بدھ کو پالما پر حملہ کیا تھا اوراب اس نے شہر پر مکمل طور پر قابض ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

موزمبیق کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ مسلح دہشت گردوں نے گیس کے ذخائر کے حامل چھوٹے سے شہر پالما پر حملہ کر دیا ہے جس میں متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ داعش کی جانب سے کیے جانے والے حملے کے بعد مقامی باشندوں نے بہت بڑے پیمانے پر نقل مکانی شروع کردی ہے۔

شہر کے باشندے پیدل چل رہے ہیں، گاڑیوں پر سفر کر رہے ہیں، سمندری راستے کا انتخاب کررہے ہیں اور یا یہ کہ انہیں جو بھی ذرائع آمد و رفت میسر آرہے ہیں اس کے ذریعے نقل مکانی کر رہے ہیں۔

نقل مکانی کرنے والے زیادہ تر بے سر و سامان ہیں اور صرف اپنی جانیں بچا کر بھاگنے میں عافیت محسوس کر رہے ہیں۔موزمبیق میں گیس کے ذخائر سے مالا مال پالما شمالی علاقے میں واقع ساحلی شہر ہے۔ فرانس کی ٹوٹل کمپنی کی اس علاقے میں اہم تنصیبات ہیں۔