اب سعودی عرب کی کرکٹ ٹیم بھی ایکشن میں‌ نظر آئے گی، اعلان ہوگیا

ریاض: سعودی عرب نے کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے اپنی قومی کرکٹ ٹیم بنانے کا عندیہ دے دیا۔ سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (ایس اے سی ایف) کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشال السعود نے کہا کہ سعودی عرب نے مسابقتی نیشنل کرکٹ ٹیم بنانے پر نگاہیں مرکوز کرلی ہیں۔انہوں نے کہ کہ وژن 2030 کے تحت کھیلوں کو فروغ دیا جائے گا، جس کے تحت قومی کرکٹ ٹیم تشکیل دی جائے گی۔

عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے تحت نوجوانوں کو کھیلوں اور دیگر صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف مائل کیا جائے گا۔شہزادہ سعود بن مشال السعود نے کہا کہ ’سعودی عرب میں ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے 80 لاکھ سے زائد شہری موجود ہیں، یہ اُن ممالک کے شہری ہیں جہاں کرکٹ انتہائی مقبول ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم تعلیمی اداروں اور کالجز کی سطح پر کرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد کرائیں گے، جس کے ذریعے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا جبکہ ایشیا سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو بھی موقع دیا جائے گا۔