شمالی کوریا کا دو بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ

شمالی کوریا کی جانب سے دو بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا گیا ہے۔ شمالی کوریا نے جاپان کے ساحل میں دو بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا جو امریکی صدر جوبائیڈن کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلا میزائل تجربہ ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت شمالی کوریا پر میزائل تجربے پر پابندی عائد ہے اور تجربہ کرنے کی صورت میں اسے دھمکی تصور کیا جائے گا۔ جاپان اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے میزائل تجربوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

تاہم جاپان کا کہنا ہےکہ شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے نتیجے میں اس کی بحری حدود میں میزائلوں کا ملبہ نہیں گرا۔ اس سے قبل شمالی کوریا نے چند روز پہلے نان بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا تھا۔
ایشیا پیسفک کے لیے امریکی کمانڈر کا کہنا ہےکہ شمالی کوریا کے اس تجربے نے اس خطرے کی نشاندہی کی ہے کہ شمالی کوریا کا ممنوعہ اسلحہ کا پروگرام اس کے پڑوسیوں اور بین الاقوامی برادری کے خلاف ہے۔