سعودی عرب: ملازمت کے بعد ایک اور نیا قانون منظور

ریاض: سعودی عرب میں وژن 2030 کے تحت اہم اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، حالیہ دنوں ملازمت سے متعلق نئے اصولوں کا نفاذ ہوا اور اب گداگری کے حوالے سے بھی نیا قانون منظور کرلیا گیا ہے۔

سعودی مجلس شوریٰ نے انسداد گداگری قانون کی منظوری دے دی جس کے تحت گداگری کے رواج کو ختم کرنے کے لیے ایکشن لیا جائے گا، نئے قانون میں سزائیں بھی مقرر کی گئی ہیں۔مملکت میں مجلس شوریٰ کا ورچول اجلاس ہوا جس میں یہ اہم اقدام سامنے آیا۔

نئے قوانین میں بھیک مانگنے والوں کے سماجی، ذہنی، معاشی اور صحت حالات کی اصلاح کا طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے، تاکہ سعودی عرب سے گداگری کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔

حکمت عملی کے تحت گداگر بھیک کے بجائے سرکاری ونجی اداروں کی خدمات سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ اجلاس میں شوریٰ اراکین نے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو کی۔