صدر بائیڈن نے 19 کھرب ڈالر کے کرونا ریلیف پیکج پر دستخط کردئیے

واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی 19 کھرب ڈالر کے کرونا ریلیف پیکج کی منظوری دے دی۔

امریکا میں کرونا بحران کے دوران عوام کو سہولیات دینے کےلیے ریلیف پیکج دیا گیا تھا جس کی دوبارہ منظوری سابق ڈونلڈ ٹرمپ کے اختتامی دور میں رُک گئی تھی۔

ریلیف پیکج اس سے قبل سینیٹ سے دو مرتبہ منظور کروایا گیا ہے تاہم سینیٹ میں پیش کردہ بل میں ترامیم کے باعث ایوان نمائندگان نے دوبارہ منظوری دی، ایوان نمائندگان میں بل کے حق میں 220 اور مخالفت میں 211 ووٹ ڈالے گئے تھے۔

امریکی صدر بائیڈن کے دستخط کے بعد کرونا ریلیف پیکج نافذ العمل ہوگیا، جس کے تحت امریکی شہریوں کو 1400 ڈالر فوری دئیے جائیں گے۔امریکی صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ بل کے ذریعے متوسط طبقے کو دوبارہ قدموں پر کھڑا کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پارٹی ری پبلکنز نے امدادی پیکج میں دی گئی خطیر رقم کو خزانے پر بوجھ قرار دیا ہے۔