سعودی وزارت انصاف نے غیر ملکیوں کو خوشخبری سنادی

ریاض : سعودی حکام نے غیر ملکیوں شہریوں کو سعودی کمپنیاں چلانے کی اجازت دے دی۔سعودی عرب کی وزارت انصاف کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے کہ جس میں اس بات کی اجازت دی گئی ہے کہ غیر ملکی شہری سعودی کمپنیاں چلا سکتے ہیں۔وزارت انصاف کے قانون کی رو سے غیر ملکی سعودیوں کی کمپنیاں چلانے کے مجاز نہیں تھے لیکن اب وزارت انصاف نے دوسری شق ہی معطل کردی ہے۔

وزارت کی جانب سے جاری کردہ قرارداد کی دوسری شق میں کہا گیا تھا کہ اگر کمپنی سعودی قومیت کی حامل ہوگی تو غیرملکی اسے چلانے کا مجاز نہیں ہوگا، سعودی کمپنی کا مالک غیرملکی کو کمپنی چلانے کے اختیارات نہیں دے سکتا تاہم اب اس شق کو ہی معطل کردیا گیا ہے جس کے بعد غیر ملکی سعودیوں کی کمپنیاں چلانے کے مجاز ہیں۔