سعودی عرب میں مسلسل تین روز بارش ہو گی

سعودی عرب میں موسم سرما کا آغاز ہو چکا ہے۔ خصوصاً گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بارش اور برفباری کے باعث درجہ حرارت بہت نیچے آ گیا ہے۔محکمہ موسمیا ت نے خبردار کیا ہے کہ آج بُدھ کے روز سے جمعہ تک مملکت کے کئی ریجنز میں بارش کا بھرپور امکان ہے۔آج ریاض، مشرقی ریجن ، شمالی حدود، الجوف، تبوک، حائل اور قصیم ریجنز میں کہیں ہلکی بارش ہو گی جبکہ کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

بارش کا یہ سلسلہ جمعہ کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے ممکنہ طور پر ہونے والی بارش کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سردی اور برفباری کی اس لہر سے مملکت کے شمالی علاقوں میں پارہ 5 ڈگری سے منفی ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس بار سعودی عرب میں سردی کئی سال پُرانا ریکارڈ سکتا ہے۔

سعودی عرب کے سردعلاقوں کے مکینوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرم ملبوسات نکال لیں تاکہ سردی سے بچاؤ ہو سکے۔اگلے چند روز میں مزید بارشیں ہو سکتی ہیں۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مقامی افراد اور تارکین سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پکنک کی غرض سے نہ جائیں۔ کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی اکٹھا ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

خصوصاًگاڑیوں کے وائپرزکو سفر سے پہلے چیک کر لیا جائے کیونکہ بارش ہونے کی صورت میں وائپر خراب ہونے پر گاڑی چلانے میں انتہائی دشواری ہوتی ہے اور حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ تمام ڈرائیورز حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور طغیانی والے علاقوں سے دُور رہنا ہی بہتر ہو گا۔ کیونکہ ماضی میں بارشوں کے دوران کئی سیاحوں اور ڈرائیورز کی وادیوں میں پانی میں پھنس جانے سے جانیں جا چکی ہیں۔