بیویوں کی ادلا بدلی، احمد آباد میں خاتون نے شوہر پر مقدمہ کردیا

بھارتی ریاست گجرات کے سب سے بڑے شہر احمد آباد میں ایک 40 سالہ خاتون نے اپنے شوہر پر کیس کردیا ہے اور اس پر الزام لگایا ہے کہ وہ بیویوں کی ادلا بدلی کے مکروہ عمل کیلئے اسے مجبور کررہا تھا۔خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کا شوہر اپنے دوست کے ساتھ مل کر یہ گھناؤنا عمل کرنا چاہ رہا تھا اور اسے بھی اس کا حصہ بننے پر مجبور کررہا تھا۔خاتون نے اپنی ساس اور سسر پر بھی گھریلو تشدد کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اسے گھر سے نکالنا چاہتے ہیں۔

خاتون نے پولیس کو درخواست میں یہ بھی بتایا ہے کہ اس کے شوہر کا کسی اور عورت سے معاشقہ بھی جاری ہے اور وہ اس سے طلاق لینا چاہتا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق خاتون کی شادی 2004 میں ہوئی اور 14 برس تک شوہر اس کے ساتھ اچھا برتاؤ کرتا رہا تاہم جیسے ہی اسے اپنے شوہر کے معاشقے کا علم ہوا شوہر کا رویہ تبدیل ہوگیا، اس نے مار پیٹ اور گالیاں دینا روز کا معمول بنالیا اور اب اپنے دوست کے ساتھ بیویوں کی تبدیلی پر مجبور کررہا تھا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں اور الزامات درست ثابت ہونے پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔