باضابطہ نتائج کے بعد بلآخر پیوٹن نے جوبائیڈن کو جیت کی مبارکباد دے دی

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکی صدارتی انتخاب کے سرکاری نتائج کے اعلان کے بعد نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو جیت کی مبارکباد دے دی۔گزشتہ دنوں امریکی انتخاب کے نتائج کے بعد عالمی رہنماؤں اور دیگر شخصیات نے نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو مبارکباد دیں تھی تاہم اب تک روس ہی ہے جس نے سرکاری سطح پر انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد مبارکباد دینے کا اعلان کیا تھا۔گزشتہ دنوں سرکاری سطح پر امریکی صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کی کامیابی کا اعلان کیا گیا جس کے بعد اب روس نے بھی مبارکباد دے دی ہے۔

روسی صدارتی محل کے مطابق صدر ولادیمیر پیوٹن نے جو بائیڈن کو جیت پر مبارکباد دی ہے اور کہا کہ روس کی جانب سے جوبائیڈن سے رابطے کیلئے تیار ہوں، دونوں ممالک اختلافات کے باوجود کئی عالمی مسائل اور چیلنجز کو حل کرسکتےہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کی تمام 50 ریاستوں اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا نے صدارتی انتخابات کے نتائج کی تصدیق کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن کے نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن نے 8 کروڑ 13 لاکھ جبکہ ری پبلکنز امیدوار و موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 7 کروڑ 42 لاکھ ووٹ حاصل کیے۔نتائج کے مطابق جوبائیڈن کو 538 الیکٹورل ووٹ میں سے 306 جبکہ ٹرمپ نے 232 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن 20 جنوری 2021 کو واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔