امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں توڑ پھوڑ کردی؟

امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے اب تک باضابطہ طور پر شکست تسلیم نہیں کی ہے۔

البتہ گزشتہ دنوں انہوں نے اقتدار کی منتقلی کے انتظامات کرنے کی ہدایات ضرور کی ہیں جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ وہ اپنی شکست مان چکے ہیں تاہم عوام کے سامنے اس کا اعتراف کرنے سے ہچکچا رہے ہیں۔ ٹرمپ کی جانب سے شکست تسلیم نہ کیے جانے پر سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں اور دلچسپ میمز بھی وائرل ہورہے ہیں۔ کوئی کہہ رہا ہے کہ ٹرمپ وائٹ ہاؤس نہیں چھوڑنا چاہتے تو کوئی کہہ رہا ہے کہ ٹرمپ وائٹ ہاؤس کو ہی خرید لیں گے اور ہمیشہ یہیں رہیں گے۔ کچھ صارفین کہہ رہے ہیں کہ ٹرمپ وائٹ ہاؤس چھوڑنے سے قبل اسے برباد کردیں گے اور ساری چیزیں توڑ کر بائیڈن کے حوالے کریں گے۔ اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں مبینہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کو اوول آفس میں توڑ پھوڑ کرتے دکھایا گیا ہے۔
تو کیا واقعی ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دفتر میں توڑ پھوڑ کی ہے؟ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے اس معاملے میں ‘حقائق کی جانچ’ کی ہے اور معلوم ہوا ہے کہ ایسا کچھ بھی نہیں۔ دراصل جو ویڈیو وائرل ہورہی ہے وہ 2017 کی ہے جس میں برطانوی کامیڈی چینل سے پروگرام کرنے والے ‘ڈمی ٹرمپ’ اپنے دفتر میں توڑ پھوڑ کررہے ہیں۔ ویڈیو میں ڈمی ٹرمپ کا چہرہ دھندلا کردیا گیا ہے تاکہ دیکھنے والے کو یہی لگے کہ یہ اصلی ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔