مکہ مکرمہ کے مقدس شہر میں شراب تیار کرنے والے پکڑے گئے

مکہ مکرمہ. مکہ مکرمہ دُنیا کا مقدس ترین شہر ہے تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے یہاں ایسے واقعات بھی سامنے آرہے ہیں جن سے اس شہر کی حُرمت اور تقدس مجروح ہو رہی ہے۔ ایسا ہی ایک انکشاف سامنے آیا ہے جس کے مطابق مکہ مکرمہ کے علاقے الراشدیہ کے ایک فارم ہاؤس میں چندغیرملکی شراب کشید کرتے ہوئے پکڑے گئے جنہوں نے فارم ہاؤس میں بھٹی لگا رکھی تھے۔الشرائع میونسپلٹی کے نگران انجینئر محمد العصیمی نے بتایا کہ فارم ہاوٴس میں رہائش پذیر چند افراد کے بارے میں مخبری ہوئی تھی کہ انہوں نے وہاں پر شراب کشید کرنے کی بھٹی لگا رکھی ہے۔ جس کے بعد بلدیہ کی ٹاسک فورس نے نگرانی شروع کر دی۔ اس غیر اسلامی سرگرمی کی تصدیق ہونے کے بعد پولیس کے تعاون سے فارم ہاؤ س کو گھیر کر وہاں موجود تمام افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایک عرب ملک سے تعلق رکھنے والے تمام ملزمان غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔ چھاپے کے دوران فارم ہاؤس سے 43 سو لیٹر تیار شراب اور شراب کشید کرنے والے 20 ڈر م اور آلات بھی ضبط کر لیے گئے۔ تمام شراب تلف کرنے کے بعدملزمان کے خلاف مقدمہ دائر کرکے انہیں محکمہ انسداد منشیات کے حوالے کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ریاض میں ایک بھارتی باشندے کو شراب کی تیاری اور سپلائی کے جُرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔