کورونا کے وار جاری؛ فعال کیسز کی تعداد 32 ہزار سے زائد ہوگئی

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 32 ہزار سے زائد ہوگئی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 18 افراد کورونا کے باعث جان سے ہاتھ دھوبیٹھے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 2 ہزار 547 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 65 ہزار 927 ہوگئی۔ این سی او سی کے مطابق فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 32 ہزار 005 ہوگئی جب کہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 26 ہزار 674 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 18 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 7 ہزار 248 ہوگئی۔

سندھ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 58 ہزار 559 ، پنجاب میں ایک لاکھ12 ہزار 284، خیبرپختونخوا 43 ہزار 052 ، اسلام آباد میں 25 ہزار 278، بلوچستان میں 16 ہزار 582 ، آزاد کشمیر 5 ہزار 690 اورگلگت بلتستان میں 4 ہزار 482 تعداد ہوگئی۔